منگل, 07 مئی 2024


ٹیم کی شکست،کپتان کو مہنگی پڑگئی

ایمزٹی وی(کھیل) انگلینڈ سے ون ڈے سیریز میں بدترین شکست کے بعد ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کو تبدیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی حوالے سے سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجہ نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے ملاقات کی اور دورہ انگلینڈ کے دوران قومی ٹیم کی ون ڈے سیریز میں شرمناک شکست پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔اس دوران فیصلہ کیا گیا اظہر علی سے کپتانی کا تاج واپس لے کر ان کی جگہ سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سونپ دی جائے ، دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے پر عملدرآمد انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے بعد کیا جائے گا ، اظہر علی اس وقت انگلینڈ میں ایک روزہ سیریز میں قومی ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں ۔ اور سیریز میں ان کی قیادت میں ٹیم کو 0-3 کی شکست سے دوچار ہونا پڑا ، اب سیریز کے دو ایک روزہ میچز اور ایک ٹی ٹونٹی باقی ہے ، سیریز کا چوتھا ایک روزہ میچ یکم ستمبر کو ہیڈنگلے لیڈز اور پانچواں میچ 4 سمتبر کو کارڈف میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی 7 ستمبر کو کارڈف میں ہوگا ۔ اس سے قبل میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ون ڈے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ فیلڈنگ صرف ایک میچ یا ایک دن اچھی نہیں ہوسکتی بلکہ اسے ہر میچ میں اچھا ہونا چاہیے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف مسلسل تیسرے ون ڈے میں شکست کے بعد کھلاڑی پریشر لے کر اپنے حوصلے پست نہیں کریں گے ۔

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں ہار کے بعد قومی ون ڈے کپتان اظہر علی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ میزبان ٹیم کے خلاف فیلڈنگ کے مسائل رہے ۔ پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ میں کوتاہیوں کا انگلش بیٹسمینوں نے پوری طرح فائدہ اٹھایا ۔ اظہر علی کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑی اتنا برا نہیں کھیلے ، اس ہار کے بعد ٹیم پریشر لے کر اپنے حوصلے پست نہیں کرے گی اور آگے بڑھنے کی کوشش کرے گی ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment