منگل, 07 مئی 2024


ویسٹ انڈیز کے ساتھ ٹیسٹ میچ میں شاہینوں کی بہترین کارکردگی

ایمز ٹی وی (کھیل) وارم اپ میچ میں اچھے آغاز کے باوجود ویسٹ انڈین بیٹنگ ڈگمگا گئی، ہفتہ کو 2 وکٹ پر 174 رنز جوڑنے والے کیریبیئنزکی اننگز 297 پر تمام ہوگئی، ڈیرن براوو 91 اور شائی ہوپ 76 کے سوا کوئی بڑی اننگز نہ کھیل پایا، شاہ زیب خان نے 5 شکار کرتے ہوئے حریف ٹیم کے ہوش اڑادیے۔

تفصیلات کے مطابق مہمان ویسٹ انڈین ٹیم کو پنک بال سے کھیلنے کی پریکٹس دینے کیلیے خصوصی طور پر شیڈول کیے گئے ڈے اینڈ نائٹ وارم اپ میچ میں پی سی بی پیٹرنز الیون نے اپنی اننگز میں 308رنز بنائے تھے،جواب میں ہفتے کو ویسٹ انڈیز نے 2وکٹ پر 174رنز جوڑ لیے تھے، اتوار کو ڈیرن براوو(73) اور شائی ہوپ (24)نے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا،دونوں 97رنز کی شراکت سے ٹوٹل 209تک لے گئے تھے کہ ڈیرن براوو پارٹ ٹائم بولر شان مسعود کی ایک گیند کو سمجھنے میں ناکام رہے،وکٹ کیپر عدنان اکمل کے شاندار کیچ نے انھیں 91کے انفرادی اسکور پر رخصتی کا پروانہ جاری کردیا۔

نئے بیٹسمین جرمین بلیک ووڈ ابھی 13رنز ہی بناپائے تھے کہ فواد عالم نے ان کی بیلز فضا میں بکھیر دیں، اگلے ہی اوور میں شاہ زیب احمد نے روسٹن چیز کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی محمد حفیظ کا کیچ بنوادیا،شائی ہوپ نے ففٹی مکمل کرنے کے بعد بھی ٹیم کو سہارا دینے کا سلسلہ جاری رکھا،ٹوٹل 286تک پہنچا تھا کہ ان کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہوگیا، احمد شہزاد کو بڑا سٹروک کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپس محفوظ نہ رکھ سکے،انھوں نے 76رنز بنائے، شین ڈورچ 33شاہ زیب خان کا شکار بنے، جیسن ہولڈر دوسری گیند کا سامنا کرتے ہوئے بغیر کوئی رن بنائے اسی اسپنر کو کیچ تھما کر چلتے بنے، جنید خان نے رویندرا بشو(1)کو احمد شہزاد اور الزاری جوزف(6) کو احمد جمال کی مددسے چلتا کیا،ویسٹ انڈیز کی اننگز 297 پر تمام ہوئی۔شاہ زیب خان نے 85رنز کے عوض 5شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، جنید خان نے2 وکٹوں کیلیے 31رنز دیے۔

احمد جمال53، فواد عالم17 اور شان مسعود10 رنز دیکر ایک ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پیٹرنز الیون کی دوسری اننگز میں بھی محمد حفیظ ناکام ہوئے، انھوں نے صرف 9رنز بناکر جیسن ہولڈر کی باہر جاتی گیند سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے وکٹ کیپر شین ڈورچ کو کیچ دیدیا،کریگ بریتھ ویٹ نے احمد شہزاد کو 4پر زیر کرنے کیلیے کپتان جیسن ہولڈر کے شاندار کیچ کا سہارا لیا، انھوں نے ایک اور مہلک وار کرتے ہوئے شان مسعود کو بھی9پر ایل بی ڈبلیو کردیا،آخری اطلاعات موصول ہونے تک پاکستان نے صرف 26رنز پر 3وکٹ گنوادیے تو اس وقت صرف 37رنز کی معمولی برتری حاصل ہوئی تھی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment