ھفتہ, 21 ستمبر 2024


اسپاٹ فکسنگ کے معاملے پر تیسرے ملزم کی گرفتاری کا اعلان

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) برطانوی پولیس نے بین الاقوامی کرکٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے معاملے پر تیسرے ملزم کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے۔
نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی پولیس نے کرکٹ میچوں میں اسپاٹ فکسنگ کے سلسلے میں شیفیلڈ کے علاقے سے ایک 30 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے تاہم بعد ازاں اسے ضمانت پر چھوڑ دیا گیا۔اس سے قبل 13 فروری کو 2 افراد حراست میں لئے گئے تھے جنہیں اپریل تک ضمانت پر چھوڑا گیا تھا۔ رواں ماں کے آغاز میں پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کے معاملے سے متعلق نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل میں کرپشن اسکینڈل میں ملوث ہونے پر شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کر کے انہیں چارج شیٹ بھی دی جا چکی ہے۔ ان کھلاڑیوں پر سٹے بازوں کے نیٹ ورک سے منسلک شخص سے ملاقات کرنے کا الزام ہے اور پی سی بی کے کرپشن سے متعلق قوانین کے تحت انہیں تاحیات پابندی کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے۔
خالد لطیف اور شرجیل خان کو ورغلانے کے الزام میں پاکستانی کرکٹر ناصر جمشید کو بھی عبوری طور پر معطل کیا جا چکا ہے اور ایک رپورٹ کے مطابق ناصر جمشید کو لندن میں گرفتار بھی کیا گیا تھا جنہیں اپریل تک ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ شرجیل خان اور خالد لطیف نے کرپشن سے متعلق تمام الزامات مسترد کر دئیے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment