ھفتہ, 21 ستمبر 2024


شاہدآ فریدی کی کراچی کنگز میں شمولیت پر پی سی بی کی وارننگ

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہد خان آفریدی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے درمیان معاہدے پر دونوں کو ایک بار پھر وارننگ جاری کر دی ہے اور اس کے ساتھ ہی کسی بھی کھلاڑی کی دوسری ٹیم میں شمولیت سے متعلق قواعد و ضوابط بھی جاری کر دئیے ہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے، کسی کھلاڑی کے اس کی اپنی ٹیم میں برقرار رہنے اور کسی نئے کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے سے متعلق قوانین کی وضاحت کی گئی ہے
اور اس کے مطابق شاہد آفریدی قانونی طور پر اب بھی پشاور زلمی کی ”ملکیت“ ہیں۔
 
 
پی سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ”پی ایس ایل ٹیمیں ایک خاص وقت میں ہی کوئی نیا کھلاڑی منتخب کر سکتی ہیں یا کسی دوسری ٹیم کے کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کر سکتی ہیں اور کسی کھلاڑی کے ساتھ معاہدہ ختم کر سکتی ہیں۔“
پی سی بی کے مطابق کراچی کنگز صرف جون میں ٹرانسفر ونڈو کے بعد ہی شاہد آفریدی کو اپنی ٹیم میں شامل کر سکتی ہے۔ پی سی بی کے مطابق ”پی ایس ایل کھیلنے والے تمام کھلاڑیوں کا معاہدہ اگلے ڈرافٹ سے پہلے یا کھلاڑی کو برقرار رکھنے کی ونڈو پر ختم ہو گا، جو بھی پہلے آ جائے۔“
 
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ”یہ معاہدہ تین فریقین کے درمیان یعنی کھلاڑیوں، فرنچائز اور پی سی بی کے درمیان ہوتا ہے اور اس خاتمے کا اعلان پی سی بی کے علاوہ کوئی بھی نہیں کر سکتا، اور ایسا صرف باہمی رضامندی اور ٹرانسفر یا دوبارہ منتخب کرنے کے وقت ہی کیا جا سکتا ہے۔ آفیشل طورپر اعلان کردہ ونڈو کے علاوہ کسی بھی کھلاڑی کی منتقلی کا اعلان نہیں کیا جا سکتا۔ اور توقع کی جاتی ہے کہ تمام کھلاڑی، ٹیمیں ، انتظامیہ اور ٹیموں کے مالکان کسی بھی چیز سے مستثنیٰ ہو کر ان قوانین کی پاسداری کریں گے۔ “
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment