بدھ, 27 نومبر 2024


وفاق خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے حق کو تسلیم کرے

ایمزٹی وی(بزنس)ملک کے چھوٹے صوبوں نے گیس کی تقسیم کا فارمولہ تبدیل کرنے کی سفارش پراعتراض کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ وفاق خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے حق کو تسلیم کرے اور چھوٹے صوبوں کو انکی ضرورت کے مطابق گیس استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ گزشتہ روز وزارت پٹرولیم میں صوبوں کے درمیان گیس کی تقسیم پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق وزیر پٹرولیم نے موجودہ گیس تقسیم فارمولہ تبدیل کرنے کی سفارش کی اور کہاکہ ملک بھر میں گھریلو صارفین کو پہلی ترجیح دی جائے، موجودہ فارمولے کے باعث پنجاب کے گھریلو صارفین بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ۔ جس پر خیبرپختون خوا، بلوچستان اور سندھ نے گیس تقسیم فارمولے پر اعتراض کیا اور موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے حق کو تسلیم نہیں کر رہی، صوبوں کو ان کی ضرورت کے مطابق گیس استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ اجلاس میں وفاق کی طرف سے گیس کی تقسیم و ترسیل کے نظام پر مستقبل میں 4 گیس ڈسٹری بیوشن اور 1ٹرانسمیشن کمپنی کی تشکیل کے حوالے سے تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ تجویز میں کہا گیا ہے کہ ہر صوبے کی اپنی گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی ہونا چاہیے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment