بدھ, 27 نومبر 2024


اسٹیٹ بینک کے گورنر اشرف محمود وتھرا مرکزی بینکاروں کے باوقار کلب میں شامل

ایمز ٹی وی (تجارت) اسٹیٹ بینک کے گورنر اشرف محمود وتھرا مرکزی بینکاروں کے باوقار کلب میں شامل ہو گئے ہیں، انہیں7 اکتوبر 2016 کو واشنگٹن ڈی سی پریس کلب میں منعقد ہونے والے ایک استقبالیے میں2016 کے لیے یورو منی نے مرکزی گورنر کا ایوارڈ دیا ہے، ایوارڈ دینے کی تقریب آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پر منعقد کی گئی۔

گورنر اشرف محمود وتھرا نے 29 اپریل 2014 کو گورنر کا منصب سنبھالا تھا اور وہ کمرشل، کارپوریٹ اور سرمایہ کاری بینکاری کا 35 برسوں سے زائد کا جامع تجربہ رکھتے ہیں۔اس موقع پر یورو منی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 2014 میںگورنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے پاکستان یورو منی کنٹری رسک درجہ بندی میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ممالک میں شامل ہے۔

یہ ریاستی درجہ بندی سروس ہے جو آزاد ماہرین معاشیات اور تجزیہ کاروں کو خطرے کے عوامل جانچنے کا کام سونپتی ہے جس میں مجموعی اقتصادی و سیاسی پوزیشن میں نمایاں بہتری کو پیش نظر رکھا جاتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف میرے بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعث فخر ہے کہ مجھے سال 2016 کے لیے مرکزی بینک کے گورنر کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

دراصل یہ اس ٹیم ورک کا اعتراف ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کامیابی کے ساتھ محفوظ اور مستحکم ملک کے طور پر ابھرا ہے جس کا مستقبل خوش آئند ہے، میں اپنے اسٹیٹ بینک کے ساتھیوں کا خاص طور پر ذکر کرنا چاہوں گا جن کے تعاون کے بغیر میں وہ کچھ نہ کر پاتا جس کے لیے مجھے سراہا جا رہا ہے، مجھے یقین ہے کہ یورو منی کی ستائش سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment