ھفتہ, 23 نومبر 2024


سی پیک کے پہلے تجربے کا آغاز

ایمز ٹی وی (تجارت) چائنا پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔

گزشتہ روز 100 کے قریب چینی کنٹینرز سوست ڈرائی پورٹ میں داخل ہوئے جبکہ ایک روز قبل اس پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں کی افتتاحی تقریب بھی منعقد کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ سوست ہنزہ کا ایک گاؤں ہے اور قراقرم ہائی وے پر واقع یہ پاکستان کا آخری قصبہ ہے جس کے بعد چینی سرحد کا آغاز ہوجاتا ہے۔

سوست پورٹ پر کسٹمز کلیئنرس ملنے کے بعد چینی کنٹینرز گوادر کی بندرگاہ کی جانب روانہ ہوگئے۔

افتتاحی تقریب میں چینی حکام کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن اور فورس کمانڈر ثاقب محمود ملک نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ سی پیک گلگت بلتستان کی قسمت بدل دے گا، ہر ہفتے قراقرم ہائی وے کے ذریعے ایک ہزار چینی کنٹینرز گلگت بلتستان سے گزریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان تجارتی سرگرمیوں کے نتیجے میں اس خطے میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا اور خوشحالی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ چینی اور پاکستانی عوام کے لیے انتہائی اہم دن ہے کہ سی پیک کے تحت تجارتی سرگرمیوں کا باضابطہ طور پر آغاز ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’وفاقی حکومت نے اس خطے کے لیے 72 ارب روپے کے منصوبے منظور کیے ہیں جن سے گلگت بلتستان کو جدید ٹیکنالوجی سے بھی ہم آہنگ کیا جائے گا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت شنتر پاس، بابوسر روڈ اور گلگت اسکردو روڈ بھی تعمیر کی جائے گی۔

سوست پورٹ کے کسٹمز سپرینٹنڈنٹ اسحٰق کیانی نے بتایا کہ وہ کنٹینرز جن پر سی پیک منصوبوں سے متعلق اشیاء موجود ہیں انہیں امپورٹ ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 45 چینی کنٹینرز سوسٹ پورٹ سے روانہ ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ کنٹینرز بھی کلیئرنس کے بعد آگے روانہ ہوجائیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment