پیر, 25 نومبر 2024


جدہ جانے والی پروازوں کی تعداد 4 سے بڑھا کر 5 کردی گئی

ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب کے شہر جدہ جانے والی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کردیا۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی نے پروازوں کی تعداد میں اضافے سے آگاہ کیا۔ دانیال گیلانی کی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور سے جدہ جانے والی پروازوں کی تعداد 4 سے بڑھا کر 5 کردی گئی ہے۔ اسلام آباد سے 3 کے بجائے 4 پروازیں جدہ کو روانہ ہوں گی، جبکہ ملتان اور فیصل آباد سے اب 2 کے بجائے 3 پروازیں مسافروں کو جدہ لے کر جائیں گی۔ واضح رہے کہ، حکومت کی جانب سے پی آئی اے کے آپریشنل خسارے کو کم کرنے اور اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اس سلسلے میں گزشتہ دنوں پاکستان سے لندن اور برمنگھم آنے اور جانے والی پروازوں کے کرایوں میں20فیصد کمی کا اعلان کیا گیا تھا، اور بارسلونا ۔ فرینکفرٹ اور بنکاک سیکٹرز میں پی آئی اے کی پروازیں چلانے کا فیصلہ بھی سامنے آیا تھا، ساتھ ہی ایئر لائن کے بیڑے میں 8 نئے جہاز شامل کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ قومی ایئر لائن کی بحالی کے لیے اسپین ۔ جرمنی اور بنکاک کے نئے روٹس شروع کرنےکا فیصلہ کیا گیا تھا، ترجمان کے مطابق نئے روٹس پر پروازوں کا آغاز دسمبر 2016 سے جون 2017 کے درمیان شروع کیا جانا ہے جس کے لیے چار وائڈ باڈی جہازوں سمیت 8 طیارے ڈرائی اور ویٹ لیز پر حاصل کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیںِ پی آئی اے پریمیئر سروس کا کراچی سے بھی آغاز کیے جانے کے اعلان کے ساتھ ساتھ چین کے لئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بھی تین سے چار کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment