ایمز ٹی وی (بزنس) وفاقی حکومت نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والی کمپنیوں، کھاد درآمد کرنیوالے اورکھاد مینوفیکچررز، دالیں درآمد کرنیوالوں، شپ بریکرز، اسٹیل میلٹرز، کمرشل امپورٹرزسمیت دیگر نان فائلرز کیلیے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں 5فیصدتک اضافہ کردیا ہے۔ حکام کاکہناہے کہ دالوں، کھاد اوراسٹیل مصنوعات سمیت دیگر اشیا مہنگی ہونے کا امکان ہے تاہم ایف بی آرکی جانب سے باضابطہ طور پر ترمیمی ایس آراو جاری کردیا گیاہے جس میںانکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم رکھی ہے جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بڑھا دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں (فائلرز) کے لیے دالوں کی درآمد پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح ایک فیصد مقرر کی گئی ہے جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے درآمدکنندگان (نان فائلرز) کے لیے دالوں کی درآمدپرود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح ڈیڑھ فیصدکردی گئی ہے۔ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے کھاد کے درآمدکنندگان اور مینو فیکچررز کے لیے کھادکی درآمدومینوفیکچرنگ پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 1 فیصد جبکہ نان فائلرزکے لیے کھادکی درآمد ومینوفیکچرنگ پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 1.5فیصدمقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے کمرشل امپورٹر پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 3فیصد اور نان فائلرز کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 4.5 فیصدمقرر کی گئی ہے۔