ایمزٹی وی ( تجارت) پاکستان ریلویز کی تاریخ کا سب سے بڑا فریٹ آپریشن آج سے شروع ہو گا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق ساہیوال کول پاور پلانٹ پر ریلوے کی کوئلے سے بھری پہلی ٹرین کا استقبال کریں گے اور فیتہ کاٹ کر کول سپلائی کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلویز ٹیم کو ادارے میں ایک نئے عہد کے آغاز پر مبارک باد دی ہے اور کہا کہ پاکستان ریلویز مال برداری کے ذریعے اس وقت 10ارب روپے کمارہی تھا مگر صرف ساہیوال پاور پراجیکٹ پر کوئلے کی سپلائی سے 13ارب سے زائد سالانہ اضافی طورپر کمایا جاسکے گا اور صرف اس ایک پراجیکٹ سے ریلوے کی فریٹ آمدنی 2 گنا بڑھ جائے گی ۔
انہوں نے بتایا کہ چین کی کمپنی نے اس مد میں پاکستان ریلویز کو ایک ارب سے زائد ایک ماہ کا کرایہ بھی جمع کرا دیا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور نے اسے ادارے کے لیے ایک تاریخ ساز دن قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ریلویز اس آپریشن کے لیے 4000 ہارس پاور کے 25 انجن استعمال کرے گا اور ریلوے کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی ساخت کے اس طاقت کے حامل انجن فریٹ آپریشن میں استعمال ہوں گے ۔ کوئلے کی سپلائی کے لیے جدید ہائی کپسٹی ہوپر ویگنز استعمال ہوں گی اور ایک ویگن میں 70 ٹن کوئلہ لوڈ کرنے کی گنجائش ہوگی ۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق کے سامنے 70 ٹن صلاحیت کی حامل ویگن کومحض 30 سیکنڈ میں ان لوڈ کرنے کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا ۔