ایمز ٹی وی(کراچی) پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مسلسل دوسرے روز بھی شدید مندی کا رجحان رہا ہے جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 48 ہزار 757 پوائنٹس پر آگیا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں منگل کے روز 214 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے باعث انڈیکس 48 ہزار 757 پوائنٹس پر آگیا ہے۔ 100 انڈیکس میں 16 کروڑ 20 لاکھ 92 ہزار 460 شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مارکیٹنگ ویلیو 15 ارب 11 کروڑ 71 لاکھ 19 ہزار 802 روپے رہی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سٹاک مارکیٹ میں 991 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
پی ایس ایکس میں مجموعی طور پر 385 کمپنیوں کے شیئرز کا لین دین ہوا جن میں سے 241 کمپنیوں کو خسارے کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 134 کمپنیاں نفع میں رہیں۔ آج 10 کمپنیاں اپنے شیئرز کی قیمتیں مستحکم رکھنے میں کامیاب رہیں۔
دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سات مسلمان ملکوں کے شہریوں پر پابندی اور پاکستان کے حوالے سے بھی لائحہ عمل تیار کیے جانے کے بیان کے باعث سرمایہ کار خوف کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں