ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 15 نئی کمنپیوں نے لسٹنگ کے لئے درخواستیں جمع کرادی ہیں ، انتظامیہ نے 2کمپنیوں اتفاق آئرن اور سندھ بینک کی درخواستیں منظوری کرلیں جبکہ بقیہ 13 پر غور جاری ہے۔ سال 2016 میں دنیا کی پانچویں بہترین اور ایشیا کی نمبر ون قرار پانے والی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کئی کمپنیاں خود کو لسٹ کرانے میں دلچسپی لے رہی ہیں ۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مطابق اس وقت 15 مختلف کمپنیوں نے لسٹنگ کیلئے درخواست دائر کی ہے ، ان کمپنیوں میں یونیک کال لمیٹڈ، فرسٹ حبیب اسلامک انکم فنڈ، الفلاح جی ایچ پی اسلامک پروس پیریٹی پلاننگ فنڈ، میزان گولڈ فنڈ، میزان انرجی فنڈ، میزان ایسٹ ایلوکیشن فنڈ، میزان اسٹرٹیجک ایلوکیشن فنڈ، ٹی پی ایل لائف انشورنس، لیبرٹی پاور، میکٹر انٹرنیشنل لمیٹڈ، ٹاپ لائن سیکیورٹی، این ایل ٹی گورنمٹ ٹریجری فنڈ اور ہیسکول پیٹرولیم اپنے اسلامی بانڈز بھی جاری کرے گا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے دو کمپنیاں جس میں اتفاق آئرن اور سندھ بینک شامل ہیں، کی باقاعدہ لسٹنگ کی منظوری دے دی ہے ، بقیہ 13 کمپنیوں کے حوالے پاکستان اسٹاک ایکسچینج انتظامیہ غور کررہی ہے۔ سال 2016 میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 3 کمپنیوں کی لسٹنگ ہوئی، عوام کو فروخت کیے جانے والے حصص سے 4 ارب 20 کروڑروپے حاصل ہوئے ، جبکہ سال 2015 میں 6 نئی کمپنیاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ ہوئیں اور مجموعی طور پر 116 ارب روپے حاصل ہوئے ، جس میں حبیب بینک کے 102 ارب روپے کے آئی پی اوز شامل تھے۔