ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان اسٹاک ایکس چینج ،پاناما لیکس کے حوالے سے بے یقینی اور ایس ای سی پی کے سخت اقدامات کے باعث سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ ،مارکیٹ میں مندی کا تسلسل برقرار گزشتہ روزبھی 100انڈیکس میں 426پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 48ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی نیچے آگیا ۔
مارکیٹ سرمائے میں بھی53ارب روپے کی نمایاں کمی ،تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاری کے رحجان میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔
ماہرین کے مطابق سرمایہ کار پانامہ لیکس کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں اس کے ساتھ ایس ای سی پی کی جانب سے سخت مانٹیرنگ کے بھی منفی اثرات دیکھے جارہے ہیں۔
گزشتہ روز 100انڈیکس میں426.30پوائنٹس کی نمایاں کمی دیکھی گئی جس سے انڈیکس 48ہزار کی نفسیاتی حد سے نیچے آکر 47949.33پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں گزشتہ روز 24کروڑ 12لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جو کہ بدھ کی نسبت 3کروڑ 10لاکھ شیئرز کم تھا جبکہ ٹریڈنگ ویلیو 10ارب80کروڑ روپے رہی جس میں گذشتہ روز کی نسبت 2ارب99کروڑ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز مارکیٹ کیپٹل میں بدھ کی نسبت 53ارب10کروڑ کی نمایاں کمی دیکھی گئی گزشتہ روز مارکیٹ میں کل 386کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا 84کے بھاو میں اضافہ 285کے بھاؤ میں کمی اور 17کے بھاؤ مستحکم رہے۔