ایمز ٹی وی (تجارت)پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن نے برآمدی صنعتوں بالخصوص ٹیکسٹائل انڈسٹری کی پیداواری سرگرمیوں کوبلا رکاوٹ جاری رکھنے کے لیے طلب کے مطابق خام مال کی درآمد کے لیے چینی کمپنیوں سے باہمی رابطوں کو تیز کردیا ہے۔
کراچی میں جاری ” ٹیکسٹائل ایشیا“ نمائش میں پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین ناصر فتح ککڈا نے وائس چیئرمین سہیل اشرف وہرہ،چوہدری نصیر، خواجہ عارف کپور، عارف بالاگام والا سمیت ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین اور ای کامرس گیٹ وے کے سی ای او ڈاکٹر خورشید نظام کے ہمراہ ایکسپو سینٹر کے7ہالز میں قائم چینی کمپنیوں اور انڈونیشیاکے اسٹالز کا دورہ کیا ۔
نمائش میں چین سے کیمیکلز اینڈ ڈائز کے مینوفیکچررز، ڈسٹری بیوٹرز اور ٹریڈز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین ناصر فتح ککڈا نے 50سے زائد چینی کمپنیوں کے اسٹالز کا دورہ کرتے ہوئے باہمی تجارت اور درآمدات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
چینی کمپنیوں نے ٹیکسٹائل سمیت دیگر متعلقہ صنعتوں کی پیداوار میں استعمال ہونے والے کیمیکلز و ڈائز کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور پاکستانی صنعتوں کے لیے معیاری اور مناسب داموں خام مال فراہم کرنے کی پیشکش کی۔
ناصر فتح ککڈا نے چینی کمپنیوں کی بڑی تعداد میں کراچی آمد اور ”ٹیکسٹائل ایشیا“ نمائش میں شرکت کو ملکی معاشی ترقی کے لیے نیک شگون قرار دیتے ہوئے چینی کمپنیوں کی پیشکش پر اظہار تشکر کیا۔