ایمزٹی وی(تجارت) آئل ٹینکرز کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث شہر قائد میں پیٹرول کی قلت بحرانی کیفیت اختیار کرچکی ہے اور کئی علاقوں میں پیٹرول پمپس بند ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آئل ٹینکرز کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث شہر کے بیشتر پمپس پر پیٹرول کا بحران پید ا ہوگیا ہےجس کے باعث عوام کی بڑی تعداد پیٹرول کے حصول کے لیے پریشان نظر آرہی ہے۔
کراچی میں ڈیفنس، بلدیہ، صدر، گارڈن، لائنزایریا سمیت مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس پر شہریوں کا رش دیکھنے میں آیا جہاں شہری پیٹرول کے لیے گاڑیوں کے علاوہ مزید بحران کے خدشے کے پیش نظر بوتلیں اور بڑے کین لیے لائنوں میں کھڑے ہیں جب کہ اس دوران شہریوں کے درمیان لائنوں کے معاملے پر تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے واقعات بھی پیش آئے۔
بعض علاقوں میں پیٹرول مالکان مہنگے داموں پیٹرول فروخت کررہے ہیں جبکہ کلفٹن اور ڈیفنس سمیت شہر کے مختلف علاقوں کیماڑی، کورنگی، کیماڑی، سلطان آباد، شیریں جناح کالونی سمیت اور اولڈ سٹی ایریا میں بھی بیشتر پیٹرول پمپس بند کردیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما انور مروت کا کہنا ہے کہ ان کا احتجاج 16 فیصد اضافی سیلز ٹیکس کے خلاف ہے ، اس حوالے سے ڈی جی پیٹرولیم سے مذاکرات جاری ہیں،جس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹری اور اوگرا کے نمائندگان بھی موجود ہیں ، مطالبات کی منظوری تک وہ ہڑتال ختم نہیں کریں گے