ھفتہ, 23 نومبر 2024


موسم سرما سے قبل بلیک مافیا کی ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانیاں

 

ایمزٹی وی (تجارت)ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (سندھ زون) کے صدر عمران فاروقی نے کہا ہے کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے گزشتہ چند روز کے دوران ایل پی جی کی قیمتوں میں مجموعی طور پرفی کلو 15 روپے سے بھی زائد کا اضافہ کردیا ہے۔ عمران فاروقی نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے، موسم سرما کی آمد کا قبل ازوقت فائدہ اٹھاتے ہوئے بلیک مافیا سرگرم ہوچکا ہے اور ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے گزشتہ چند روز کے دوران ایل پی جی کی قیمتوں میں مجموعی طور پرفی کلو 15 روپے سے بھی زائد کا اضافہ کردیا ہے۔ جس کے بعد کراچی میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت بڑھ کر 110 روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز اپنے بیان میں عمران فاروقی نے بتایا کہ کمرشل سیلنڈر کی قیمت 800 روپے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ مقامی پروڈیوسر نہیں بلکہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں ہیں، پروڈیوسر مہینہ میں ایک بار ایل پی جی کے ریٹس جاری کر دیتے ہیں جبکہ مارکیٹنگ کمپنیاں آئے دن ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیتی ہیں۔ عمران فاروقی نے بتایا کہ سردیوں کی آمد سے پہلے ہی عوام کو لوٹنے کے لیے بلیک مارکیٹنگ میں ملوث مافیا سرگرم ہورہا ہے جنہیں قابو کرنے کے لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment