کراچی: پاکستان کے بڑے کاروباری گروپ اینگرو کارپوریشن نے ٹیلی کام سیکٹر میں بھاری سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اینگرو کارپوریشن نے انفراشیئر پرائیوٹ لمیٹڈ کے نام سے ایک نئی کمپنی قائم کردی ہے جو مشترکہ ٹیلی کام ٹاورزکے حصول اور تعمیر، ٹیلی مواصلات کے بنیادی ڈھانچے اور اس سے متعلقہ خدمات کی فراہمی اورجدید ترین نیٹ ورکنگ مانیٹرنگ کی خدمات فراہم کرے گی جس کیلیے کمپنی بورڈ نے اس شعبے میں ابتدائی طور پر 7.5 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے۔
اینگرو کارپوریشن کے صدر اورچیف ایگزیکٹو آفیسر غیاث خان نے کہا کہ ملک کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے مقصد کے ساتھ اینگرو کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی سے منسلک ہے۔ملک کے بڑھتے ہوئے مسائل میں مدد فراہم کرنے کی غرض سے اینگرو کارپوریشن نے طویل المدّتی حکمتِ عملی کی روشنی میں خوراک وزراعت، توانائی اور اس سے متعلقہ انفرااسٹرکچر، پیٹروکیمیکلز اور ٹیلی کمیونی کیشن انفرااسٹرکچر جیسے 4 عمودی شعبوں میں اپنے کاروبار کو وسعت دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹروکیمیکل میں متوقع سرمایہ کاری سے اس شعبے کی درآمدی اور برآمدی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی جس سے ملک کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔