کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے بجلی کے ترمیم شدہ نرخوں (ٹیرف) کااعلان کردیا گیا ہے ، آئندہ صارفین سے بینک چارجز اور میٹر رینٹ کی مد میں کوئی علیحدہ رقم وصول نہیں کی جائے گی،ایسے تمام گھریلو صارفین جو ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں، ان اضافی نرخوں سے مستثنیٰ رہیں گے ۔تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 22 مئی 2019 کو وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے جاری کردہ ایس آر او میں درج ٹیرف کے شرائط و ضوابط کے مطابق کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کا اعلان کر دیا ہے ۔
نئے ٹیرف کا اطلاق بجلی کے بلوں کے اگلے مرحلے سے ہو گا۔ ایسے تمام گھریلو صارفین جو ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں، ان اضافی نرخوں سے مستثنیٰ رہیں گے۔ نئے ٹیرف اور قواعد کے تحت چند شرائط و ضوابط میں ترامیم کی گئی ہیں، مثلاً بجلی کے استعمال کے اوقات، یعنی ٹائم آف یوز کے مطابق بجلی کی قیمت وصول کی جائے گی۔لہٰذا اہلیت رکھنے والے تمام صارفین پر جو نرخ لاگو ہوں گے ، ان کا حساب، دن کے مصروف ترین اوقات میں بجلی استعمال کرنے پر مبنی ہو گا، یا غیر مصروف اوقات میں بجلی استعمال کرنے کے مطابق ہو گا۔ مزید برآں آئندہ صارفین سے بینک چارجز اور میٹر رینٹ کی مد میں کوئی علیحدہ رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ (A3) یعنی عمومی سہولت ٹیرف کیٹیگری بھی متعارف کروائی گئی ہے ۔