جمعہ, 22 نومبر 2024


پاکستان اسٹاک مارکیٹ بالآخر سنبھالا لینے لگی

 
 
 
کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک ماہ کی بدترین مندی کے بعد بالآخر سنبھالا لینے لگی، گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس میں 512 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
 
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 12.49 فیصد اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 100 انڈیکس 3 ہزار 512 پوائنٹس اضافے سے 31 ہزار 621 پر بند ہوا۔
 
گزشتہ ہفتے کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 31 ہزار 816 اور کم ترین سطح 27 ہزار 461 رہی۔
 
گزشتہ کاروباری ہفتے میں 1.13 ارب شیئرز کے سودے 37 ارب روپے میں طے پائے، سرمایہ کاروں کو کاروباری ہفتے میں 542 ارب کا فائدہ ہوا ہے۔
 
مارکیٹ کیپٹلائزیشن کاروباری ہفتے کے اختتام پر 6016 ارب روپے ہوگئی۔
 
یاد رہے کہ کرونا وائرس کے اسٹاک ایکسچینج سمیت پوری معیشت پر بدترین اثرات دیکھے جارہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل مندی کا شکار تھی۔
 
تاہم حکومتی کوششوں کے بعد بالآخر رواں ہفتے مارکیٹ نے سنبھالا لیا، اسٹاک مارکیٹ میں 3 روز قبل 100 انڈیکس میں 12 سو 8 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی۔
 
2 روز قبل اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 273.94 پوائنٹس بڑھا تھا جبکہ گزشتہ کاروباری روز بھی انڈیکس میں 12 سو 77 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔
 
آخری کاروباری روز مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 1 کھرب 41 ارب 26 کروڑ 48 لاکھ روپے کے اضافے سے بڑھ کر 60 کھرب 16 ارب 39 کروڑ 91 لاکھ روپے ہوگئی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment