ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) کچھ کتابوں کو پڑھنا مشکل ہوتا ہے۔ اس میں بتائے گئے دقیق فلسفہ مبہم ہوتے ہیں اور بہت کم لوگ انہیں سمجھ پاتے ہیں۔ لیکن کیا آپ نے ایسی کتاب دیکھی ہے جسے پڑھنے کے لیے اسے حل کرنا پڑے؟
امریکی ریاست پنسلوینیا کے رہائشی وٹنی بریڈی نے ایسی کتاب بنائی ہے جس کے اگلہ صفحہ تک پہنچنے کے لیے اسے ’حل‘ کرنا پڑتا ہے۔ ایک پزل کی طرح بنائی گئی یہ کتاب لکڑی سے بنی ہوئی ہے اور اس کے صرف 5 صفحات ہیں۔
اس کے ہر صفحہ میں مشکل اور پیچیدہ بھول بھلیوں جیسے نٹ اور بولٹ لگائے گئے ہیں اور صفحہ پلٹنے کے لیے ذہانت سے ان سے نبرد آزما ہونا پڑتا ہے۔
کتاب میں مشہور مصور لیونارڈو ڈاونچی کا ایک واقعہ بیان کیا گیا ہے کہ کس طرح وہ اپنی پینٹنگز کو چوروں سے بچانے کے لیے جال بچھایا کرتا تھا۔ اس کی پینٹنگز چرانے کے لیے آنے والے چور اگر ذہین ہوتے تو اس جال سے بچ نکلتے ورنہ پکڑے جاتے۔
یہ کہانی اتنی دلچسپ ہے کہ پڑھنے والا مجبوراً لکڑی کی اس کتاب کو ’حل‘ کر کے آگے پڑھنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔
بظاہر دیکھنے میں یہ کتاب جادوئی فلموں میں دکھائی جانے والی کتاب جیسی لگتی ہے جس میں بے شمار راز چھپے ہوتے ہیں۔
اس کے خالق وٹنی بریڈی کا ارادہ ہے کہ وہ اس طرح کی ایک بڑی کتاب تشکیل دے گا جو کئی صفحات پر مشتمل ہوگی۔