ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)وزارت کیڈ نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کیلئے 130مزید بسوں کی خریداری کیلئے سمری وزیر اعظم کو ارسال کر دی ہے ، وزیر اعظم نے 200بسوں کا وعدہ کیا تھا جن میں سے ستر بسیں خریدی جا چکی ہیں جن کیلئے وزیر اعظم نے خصوصی گرانٹ فراہم کی ہے ، یہ بسیں جنوری کے آخر تک اسکولوں کے حوالے کر دی جائیں گی، ان 130بسوں کیلئے وزیر اعظم نے فوری گرانٹ کے احکامات پہلے ہی جاری کئے ہوئے ہیں۔
ابتداء میں بسیں دوردراز اور دیہی علاقوں کیلئے چلائی جا رہی ہیں۔ وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ دیہی علاقوں کی طالبات کو بہت سفری مشکلات درپیش ہوتی ہیں، بسوں کی فراہمی سے خصوصاًدیہی علاقوں کی طالبات مستفید ہو سکیں گی۔
اسپیشل ایجوکیشن کے بچوں کو بھی پانچ بسیں فراہم کی جار ہی ہیں۔ یہ بسیں مخصوص تعلیمی اداروں کی بجائے اوپن روٹ پر چلائی جا رہی ہیں، اس روٹ پر علاقوں اور تعلیمی اداروں کے تمام طلباء و طالبات سفر کر سکیں گے ۔
اسلام آباد کے 200اسکولوں کے انفرا سٹرکچر کی اپ گریڈیشن کیلئے کام کا آغاز جلد کر دیا جائے گا۔ و زیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کے تحت تمام 422سرکاری تعلیمی اداروں میں تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا، ابتداء میں پائلٹ پراجیکٹ میں 22اسکولوں میں سول ورکس مکمل کیا گیا جس میں 70 کمرے اور 7واش روم بلاکس تعمیر کئے گئے