اتوار, 24 نومبر 2024


سلمان حیدر کے حوالے بڑی خبر آگئی

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کےلاپتہ پروفیسر اور سماجی کارکن سلمان حیدر کے بھائی ذیشان حیدر نے تصدیق کی ہے کہ ان کے بھائی 'محفوظ اور خیریت' سے ہیں۔تاہم ذیشان حیدر نے اپنے بھائی سلمان حیدر کے حوالے سے مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق گمشدگی کے بعد سلمان حیدر کے بھائی ذیشان حیدر نے بتایا تھا کہ وہ 6 جنوری کی شام بنی گالا کے علاقے میں اپنے دوستوں کے ہمراہ موجود تھے اور انھوں نے اپنی اہلیہ کو اطلاع دی تھی کہ وہ رات 8 بجے تک گھر پہنچ جائیں گے، 10 بجے کے قریب اہلیہ نے انھیں فون کیا مگر انھوں نے فون ریسیو نہیں کیا۔ ذیشان حیدر کا مزید کہنا تھا کہ سلمان حیدر کے نمبر سے ان کی اہلیہ کو ایک ایس ایم ایس موصول ہوا کہ کورال چوک سے ان کی گاڑی لے لی جائے۔
واضح رہے سلمان حیدر ان 5 بلاگرز میں شامل تھے، جو رواں ماہ ملک کے مختلف شہروں سے لاپتہ ہوئے، دیگر لاپتہ بلاگرز میں وقاص گورایہ، عاصم سعید، احمد رضا نصیر اور ثمر عباس شامل ہیں۔
پروفیسر سلمان حیدر رواں ماہ 6 جنوری کو اسلام آباد کے علاقے بنی گالا سے لاپتہ ہوئے تھے۔سلمان حیدر پیشے کے اعتبار سے استاد ہیں اور 5 سال سے زائد عرصے سے فاطمہ جناح یونیورسٹی سے منسلک ہیں، وہ ادب، تھیٹر میں اداکاری، ڈرامہ نگاری اور صحافت بھی کر چکے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment