ایمز ٹی وی (تعلیم /جامشورو) جامعہ سندھ میں سیکورٹی کے نام پر مختلف شعبہ جات و انتظامی دفاتر کو ملانے والے رستوں کو بند کردیا گیا ہے۔ لیاقت میڈیکل یونیورسٹی اسپتال اور کالونی کو جامعہ سندھ اور اسکی کالونی کو ملانے روڈز کو دیواریں چنواکر مستقل طور پر بند کردیا گیا ہے ۔ جبکہ چند ماہ قبل طلبا و طالبات اور مریضوں کی سہولت کیلئے وہاں لوہے کا گیٹ لگایا گیا تھا جسے رات گیارو بجے بند اور صبح چھ بجے کھول دیا جاتا تھا اور وقت ضرورت ایمرجنسی کی صورت میں کھلوالیا جاتا تھا ۔
مذکورہ گیٹ بند ہونے سے یونیورسٹی میں کسی بھی حادثاتی اور ایمرجنسی کی صورت میں زخمی اور شدیدبیمار طلبا و طالبات کو بروقت اسپتال لے جانے کیلئے مختصر راستے معدوم ہوچکے ہیں۔ جامعہ سندھ کے مختلف کلیات سے تعلق رکھنے والے طلبہ وطالبات نے بتایا کہ نئے وائس چانسلر پروفیسر فتح محمد برفت کے آنے کے بعد سیکورٹی خدشات کو جواز بناکراپنے ہی شاگردوں اوراساتذہ کے لئے مشکلات پیدا کر دی گئی ہیں۔
رابطہ کرنے پر لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس ایڈ منسٹریشن آفیسر اور کالونی چیئرمین کرنل ریٹائرڈ عباس مہرنے بتایا کہ لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کالونی اور سندھ یونیورسٹی کو ملانے والے مختصر راستے کو سندھ یونیورسٹی انتطامیہ نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بند کردیا ہے ۔