ایمز ٹی وی(تعلیم / کراچی) پاک چین اقتصادی راہداری سے منسلک متعددصنعتی حلقوں میں بنیادی توجہ ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ کو ہونی چاہیے، سائنو پاکستان ایتھنومیڈیسن ریسرچ سینٹر کاافتتاح خوش آئند ہے جو پاکستان میں پہلی مترتبہ دو ممالک کی مشترکہ کوششوں سے قائم کیا گیا ہے، چینی و یونانی ادویاتی نظام میں قدرتی شفایابی ہے، جامعہ کراچی مشکل دور سے گزررہی ہے۔
یہ بات پاکستانی اور چینی ماہرین نے جمعہ کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں نوتعمیر سائنو پاکستان ایتھنومیڈیسن ریسرچ سینٹر کی افتتاحی تقریب کے دوران اپنے خطاب کے دوران کہی۔ تقریب سے چین کے قونصل جنرل وانگ یو اورشیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان سمیت چین کی حنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر یوہ اُئی چن، اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ اور سابق وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوھدری نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں پروفیسر ہبیاو چن سمیت دیگر چینی اور پاکستانی اسکالرز موجود تھے۔
چینی کونسل جنرل نے کہا پاک چین اقتصادی راہداری کی طرح یہ نوتعمیرتحقیقی مرکز بھی دونوں ملکوں کے عوام کے لئے سودمند ثابت ہوگا، ا انھوں نے کہا چین پاکستان کے ساتھ مذید تعلیمی پروگرام بشمول اسٹوڈنٹ ایکسچنج پروگرام جاری رکھے گا۔ شیخ الجامعہ کراچی نے کہا یہ تحقیقی پروگرام جامعہ کراچی کے وقار میں مزید اضافہ کریگا ۔