جمعہ, 22 نومبر 2024


داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں پروجیکٹ نمائش

 

ایمز ٹی وی( تعلیم / کراچی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پیر کے روز داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تمام شعبہ جات کے طلباء کی جانب سے بنائے جانے والے پروجیکٹ کی نمائش کا افتتاح کیا ۔ داؤد یونیورسٹی کے طلباء نے توانائی ، آئل گیس فیلڈ ، بجلی کی بچت اور دیگر اہم عوامل کو اُجاگر کرنے کیلئے پروجیکٹ بنائے جنہیں وفاقی وزیر احسن اقبال نے انتہائی سراہا ۔ وفاقی وزیر نے نمائش کے تمام اسٹالز کا دورہ کیا اور پروجیکٹ کا معائنہ کرنے کے ساتھ طلباء سے پروجیکٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔

 

وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی ڈاکٹر فیض اللہ عباسی ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، اکیڈمک کوآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ ، قائم مقام رجسٹرار کیپٹن (ر) سید وقار حسین شاہ ، تمام شعبوں کے چیئرپرسنز وفاقی وزیر احسن اقبال کے ہمراہ تھے۔ پروجیکٹ نمائش اور ایونٹ کے انتظامات چیئرپرسن الیکٹرونک انجینئرنگ ڈاکٹر ثمرین عامر نے کئے ۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے طلباء اور فیکلٹی ارکان سے خطاب کیا ۔

ابتدائی کلمات میں وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے وفاقی وزیر احسن اقبال کا داؤد یونیورسٹی آمد پر شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ، غیر ملکی یونیورسٹیز سے معاہدے کررہے ہیں جس کے شعبہ تعلیم پر بڑے مثبت اثرات مرتب ہوں گے ، داؤد یونیورسٹی کے طلباء کی محنت و لگن نے بے حد متاثر کیا ہے جن کا کچھ کر گزرنے کا جذبہ قابل تعریف ہے ۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے شعبہ تعلیم میں حکومتی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 2010ء سے 2013 ء تک ہائر ایجوکیشن کا بجٹ ایک سو ارب روپے تھالیکن پچھلے تین برسوں میں ہماری حکومت نے اسے 215؍ ارب روپے کردیا جو 100؍ فیصد سے بھی زیادہ کا اضافہ ہے ۔ ہمار ے پروگرام ویژن 2025ء کے تحت ہائر ایجوکیشن کو مختلف شعبوں میں بڑھایا جارہاہے ، آئندہ تین برسوں میں پاکستان کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کیمپس بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی پسماندہ علاقے کا رہائشی صرف اس وجہ سے ہائر ایجوکیشن سے محروم نہ رہے کہ وہ بڑے شہر میں تعلیم کے ساتھ ہاسٹل کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتا تھا ۔

ہر نوجوان جو ہائر ایجوکیشن کا حقدار ہے اسے اس کے گھر کے دروازے پر ہائر ایجوکیشن یونیورسٹی کیمپس کی صورت میں دستیاب ہوگی ۔ وفاقی وزیر کی تقریر کے اختتام پر ڈاکٹر ثمرین عامر نے شعر پڑھا جس کا جواب دیتے ہوئے معزز مہمان احسن اقبال نے اقبال کا شعر پڑھا۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment