کراچی (صحت) سول اسپتال کراچی کے پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کا احتجاج جمعے کو پانچویں روز بھی جاری رہا ۔
ٹرینیز نے شعبہ حادثات کے سوا اوپی ڈی اور آپریشن تھیٹر سمیت تمام شعبہ جات کا بائیکاٹ کیاجس کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑااور کئی آپریشن ملتوی ہوئے ۔
مظاہرین نے سول اسپتال کراچی کے ٹراما سینٹر سے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز تک احتجاجی ریلی نکالی اور یونیورسٹی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر انتظامیہ کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی گئی
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سول اسپتال کے صدر ڈاکٹر وارث علی کا کہنا تھا کہ جمعرات کو ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر جمال نے مذاکرات کرنے کی کوشش کی لیکن وہ صرف زبانی یقین دہانی کرارہے تھے ان کی جانب سے تحریری طور پر کچھ فراہم نہیں کیا جس کے باعث
مذاکرات ناکام ہو گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے سمری کی منظوری کے باوجود وظائف میں اضافہ نہیں کیا گیا تو ایک ایڈیشنل سیکرٹری کی زبانی یقین دہانی پر کیسے یقین کر سکتے ہیں ۔