ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) چانسلر اسریٰ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اسد اﷲ قاضی نے کہا ہے کہ طلبا و طالبات اپنے تعلیمی دور میں سخت محنت کرتے ہیں اور آج ان کی کامیابیوں کا دن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسریٰ یونیورسٹی کراچی کیمپس میں ہونے والے دوسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ سب سے پہلے اپنے مقصد کا تعین کریں اور اس کے بعد اس کو حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کریں اور معاشرے کیلئے ایک کارآمد فرد بنیں اس موقع پر فیکلٹی آف میڈیکل سائنسزاور فیکلٹی آف الائیڈ میڈیکل سائنسز کے 197 کامیاب طلبا ء و طالبات کو اسناددی گئیں۔
ان میں154 نے بیچلر کی ڈگریاںحاصل کیںجبکہ43شاگردوں نے پوسٹ گریجویٹ کی ڈگریاں حاصل کیں۔ پروفیسر ڈاکٹر اسد اﷲ قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسریٰ یونیورسٹی حیدرآباد شہر کی پہلی پرائیویٹ یونیورسٹی ہے جو کہ حکومت سندھ سے سند یافتہ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق شدہ ہے۔
انہوں نے نوجوان فارغ التحصیل طلباء سے کہا کہ آج کا دن آپ کی زندگی میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے آپ اس تعلیمی ادارے میں داخل ہوئے اور اس دوران بہت سخت مقابلے کا سامنا کیا اور پھر اپنی انتھک محنت اور جدوجہد سے اس یونیورسٹی سے سند حاصل کی۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی پیشہ وارانہ زندگی کی ابتداء ہورہی ہے۔
اور مجھے اُمید ہے کہ آپ پاکستان کے مستقبل کے لیڈر ہیں۔ اس سے قبل وائس چانسلر اسریٰ یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر غلام قادر قاضی نے اپنے ابتدائیہ کلمات میں کہا کہ تدریسی کانووکیشن کا انعقاد کسی بھی یونیورسٹی کی ایک اہم روایت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کا اہم مقصد کامیاب طلباء کو اسناد دینا اور اسی کے ساتھ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو طلائی اور چاندی کے تمغوں سے نوازنا ہے۔ڈاکٹر غلام قادر قاضی نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اسریٰ یونیورسٹی کو پاکستان کی ایک بہترین پرائیویٹ یونیورسٹی کے اعزاز سے بھی نوازاہے۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہمارے ڈگری پروگرام ہائر ایجوکیشن سے منظور شدہ ہیں۔