ایمزٹی وی(تعلیم)سعودی عرب کی ایک گورنمنٹ یونیورسٹی میں پہلی دفعہ ایک خاتون پروفیسر کو ڈین متعین کردیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ لڑکیوں اور لڑکوں کو تعلیم دینے والی ایک فیکلٹی کے لئے خاتون ڈین کو متعین کیا ہے۔
موضوع سے متعلق وزارت کے جاری کردہ بیان کے مطابق ،وزارت تعلیم کے فیصلے سے طائف یونیورسٹی کی طب فیکلٹی کی ڈین متعین کی جانے والی پروفیسر ڈاکٹر دیلال محی الدین نمنیکاتی کو ان کی اکیڈمک صلاحیت اور تعلیمی شعبے کی کامیابیوں کی وجہ سے اس عہدے کا اہل قرار دیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طائف یونیورسٹی کے اس فیصلے کے بعد مستقل قریب میں دیگر یونیورسٹیوں میں اس سے مشابہہ تعیناتیاں کی جا سکیں گی اور یہ قدم عورتوں کے کام کے مواقع کی راہ ہموار کرے گا۔مذکورہ فیصلے کو ، سعودی عرب کے 2030 کے اہداف تک پہنچنے کے معاملے میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سال 2030 کے سعودی عرب کے اہداف میں مزید خواتین کو روزگار کی فراہمی بھی شامل ہے۔ریاض انتظامیہ کے سال 2030 کے اہداف میں شامل "خواتین کی پیشہ وارانہ زندگی میں موئثر شرکت" کے ذیل میں گذشتہ ہفتے بھی ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک خاتون کو پرائیویٹ بینک کا منیجر متعین کیا گیا تھا۔