ایمزٹی وی(پشاور) حساس اداروں کی جانب سے مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ لاہور اور خیبرپختونخوا کے نجی تعلیمی اداروں میں دہشتگرد حملوں کا خدشہ ہے ۔اس خدشے کے پیش نظر لاہور کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں کو بند اور سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق خفیہ ایجنسیوں نے لاہور اور خیبر پختونخوا کے شہروں میں دہشتگردوں حملوں کے حوالے سے ایک الرٹ جاری کیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لاہور میں نجی اور جدید انگلش میڈیم اسکولز کو نشانہ بنانے کیلئے دہشتگردوں کو بھیجا گیا ہے جبکہ مارچ کے مہینے کے دوران جمرود باڑا اور پشاور میں نجی تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کیلئے 4دہشتگردوں کو روانہ کر دیا گیا ہے اور ان کے سہولت کار پہلے سے ہی شاہ کس اور پشاور میں موجود ہیں ۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگردحملوں کے امکان کے پیش نظر حساس تنصیبات، اہم عمارتوں ، ہسپتالوں اور اسکولوں کی سخت نگرانی کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔
مراسلے کی کاپی آئی جی پولیس پنجاب ، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب ، سی سی پی او لاہور ، ڈی آئی جی آپریشنز ،تمام ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران کو ارسال کر دی گئی ہے۔