ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے تلاش کمیٹی کو8 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ جن کے انٹرویوز آئندہ 15روز کے اندر ہونے کا امکان ہے جبکہ امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ جو 3مارچ یا 4مارچ کی جائے گی۔ این ای ڈی کے موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر افضل حق کی چار سالہ مدت 16 مارچ کو مکمل ہو رہی ہے، ان کی مدت میں توسیع نہیں کی گئی ہے تاہم وہ دوسری مدت کے لیے بھی امیدوار ہیں اور درخواست دینے والے 8امیدواروں میں ان کا نام بھی شامل ہے جن 8امیدواروں نےجامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر کے لئے درخواستیں دی ہیں۔ ان میں ڈاکٹر سروش لودھی ، پروفیسر عثمان علی، نظام الدین قریشی، پروفیسر عبدالعلیم خانزادہ، پروفیسر ڈاکٹر قمر وہاب، سرفراز احمد ملک اور موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر افضل حق سمیت 8امیدوار شامل ہیں۔ یاد رہے کہ جامعہ این ای ڈی کے ساتھ ہی دیگر دو جامعات دائود انجینئرنگ اور لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کی چار سالہ مدت بھی ختم ہو رہی ہے تاہم ان دونوں جامعات کے وائس چانسلر کے تقرر کے لیے اشتہار نہیں دیا گیا ۔ جس کے باعث امکان ہے کہ دونوں جامعات کے وائس چانسلر کی مدت میں دوسری مرتبہ توسیع کر دی جائے گی۔ دریں اثنا جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر افضل حق اور دیگر امیدواروں نے این ای ڈی کے وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں دیے جانے والے اشتہار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔