ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنمنٹ کالج برائے طلباء ناظم آباد کراچی کی عمارت کا ایک حصہ شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کراچی کو دینے کی منظوری دیدی ہے لاء یونیورسٹی یہاں اپنا کیمپس قائم کرے گی۔
سیکرٹری کالج ایجوکیشن کو اس سلسلے میں سندھ حکومت نے باقاعدہ خط بھی ارسال کر دیا ہے سیکشن آفیسر بورڈ اینڈ یونیورسٹیز کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کراچی کو گورنمنٹ کالج برائے طلباء ناظم آباد کا ایک حصہ پانچ سال کیلئے دینے کی سمری منظوری کر لی ہے لہٰذا س سلسلے میں مفاہمت کی یاد داشت کا ایک مسودہ تیار کیا جائے جس میں سیکرٹری ایجوکیشن اور لاء یونیورسٹی کے دستخط ہونے اور ساتھ ہی محکمہ قانون باقاعدہ اسے قانونی شکل بھی دے۔
یاد رہے کہ ناظم آباد میں لاء یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرنے کی تجویز وائس چانسلر ڈاکٹر قاضی خالد کی تھی اس وقت کلفٹن کے ایک اسکول میں لاء کالج کی عمارت قائم کی گئی ہے جبکہ کورنگی میں بھی لاء یونیورسٹی کیلئے 13.9ایکڑ قطعہ اراضی حاصل کر کے اس پر تعمیراتی کام کا اغاز بھی ہو چکا ہے