اتوار, 24 نومبر 2024


لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرکی مدت ملازمت میں توسیع

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی) گورنر سندھ نے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد اے شیخ کی دوسری چارسالہ مدت ختم ہونے کے بعد ان کو نئے وائس چانسلر مقرر ہونے تک وائس چانسلر کے عہدے پر برقرار رکھا ہے جس کا نوٹیفکیشن گزشتہ روزجاری کردیا گیا ہے ان کی مدت 2 جولائی کو مکمل ہو رہی تھی تا ہم انھوں نے 30 جون کو اپنے عہدے کا چارج چھوڑنے کے لئے خط لکھا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بطور وائس چانسلر ان کی مدت 2 جولائی کو پوری ہو رہی ہے لیکن یکم اور 2 جولائی کو ہفتہ وار تعطیلات کے باعث میں اپنے عہدے کا چارج 30 جون کو چھوڑ دوں گا۔ واضح رہے کہ یہ ڈاکٹر نوشاد اے شیخ کی بطور وائس چانسلر لیاقت میڈیکل یونیورسٹی دوسری مدت تھی ۔ وزیراعلیٰ ہائوس لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لئے درخواستیں تین ماہ قبل طلب کر چکا ہے اور 20 افراد نے درخواستیں دی ہیں جن میں سے تلاش کمیٹی نے 7 اُمیدواروں کا انٹرویو کے لئے انتخاب کرلیا ہےجبکہ 8ویں اُمیدوار ڈاکٹر ستارمیمن کی اگلے مرحلے میں شمولیت کو تحقیقی پرچوں سے مشروط کر دیا گیاتھا اگر انہوں نے مطلوبہ تعداد میں تحقیقی پرچے فراہم کر دیئے تو انہیں بھی انٹرویو کے لئے بلا لیا جائے گا ۔ جن اُمیدواروں کو انٹرویو کے لئے منتخب کیا گیا ان میں لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کی موجودہ پرووائس چانسلر ڈاکٹر انیلہ عطاء الرحمنٰ، ڈاکٹر رزاق شیخ، ڈاکٹر عزیز لغاری، ڈاکٹر میو سلطان، ڈاکٹر بیٹھا رام، ڈاکٹر اکبر نظامانی اور ڈاکٹر اختر علی شامل ہیں۔ ادھر لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد اے شیخ عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے یورپ روانہ ہوگئے ہیں ان کی عدم موجودگی میں پرووائس چانسلر ڈاکٹر منیر جونیجو قائم مقام وائس چانسلر کے فرائض انجام دیں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment