ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ این ای ڈی اورڈیپارٹمنٹ آف اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کے زیرِاہتمام سندھ اسپورٹس گالاکا انعقاد 26تا30 اکتوبر کیا جائے گا، سندھ اسپورٹس گالا کا باقاعدہ افتتاح 27اکتوبر بروز جمعہ صبح ساڑھے دس بجے، مہمانِ خصوصی سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر سے قریباً 22 جامعات، سندھ اسپورٹس گالا میں حصّہ لے رہی ہیں۔ جامعات میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے پیغام دیتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھاکہ ابتدا ہی سے بچوں کو یہ ذہن نشین کرانا چاہیے کہ وہ صحت مند مقابلوں میں حصّہ ضرور لیں، اس طرح وہ ایک دوسرے سے سیکھتے اور سکھاتے ہیں اور آپس میں تعاون بھی کرتے ہیں، یہی وہ بنیاد ہے جس سے معاشرتی بہتری ممکن ہے، ہماری جامعہ کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ ہم طلبا اور طالبات میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ دیں تاکہ مستقبل کے معمار مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب رہیں۔
اس پانچ روزہ سندھ اسپورٹس گالا میں 10 ایونٹس کروائے جائیں گے جن میں سے طالبات کے لیے چار جب کہ طلبا کے لیے چھے مقابلے ہوں گے۔ تقسیمِ انعامات کی تقریب 30 اکتوبر کو این ای ڈی یونی ورسٹی کے مرکزی آڈیٹوریم میں سہ پہر تین بجے منعقدکی جائے گی، جس میں جیتنے والے طلبا اور طالبات میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔