ایمزٹی وی(کراچی/ تعلیم)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل خان کے رویئے کے خلاف جامعہ کراچی کے اساتذہ نےگزشتہ روز یوم سیاہ منایا، اساتذہ نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور کچھ دیر کے لئے خاموشی اختیار کی اس موقع پر اساتذہ آرٹس لابی پر جمع ہوئے جہاں انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر جمیل کاظمی نے وائس چانسلر کے رویئے کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ کہ وائس چانسلر کے رویئے کے خلاف یوم سیاہ منانے کا فیصلہ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے اجلاس عام میں کیا گیا تھا اسی لئے ہم یہاں جمع ہوئے ہیں انھوں نے کہا کہ آئندہ اس طرح کا طرزعمل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈاکٹر جمیل کاظمی نے کہا کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ اساتذہ کی عزت نفس پر حملہ کر رہی ہے سلیکشن بورڈز اور انٹرویوز کے دران اساتذہ کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر نعرے بازی بھی کی گئی جبکہ اساتذہ نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن میں جامعہ کراچی میں ہونے والے جبر اور تشدد کے خلاف نعرے درج تھے ایک بڑا بینر وائس چانسلر آفس کی گرل پر بھی آویزاں تھا جس میں خواتین اساتذہ سے وائس چانسلر کے ناروا سلوک کی مذمت کی گئی تھی، اس دوران جامعہ کراچی میں تدریسی عمل بھی معطل رہا۔واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وائس چانسلر کے رویئے کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا ہے۔