کراچی: شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء(ذیبول) کے زیر انتظام یوم دفاع پاکستان پورے جوش خروش سے منایا جائے گا۔ اس حوالے سے چھ ستمبر شام چار بجے سٹی کیمپس میں ایک سیمینار منعقد ہوگا جس کی صدارت سندھ ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس عرفان سادات کریں گے ۔ یہ اعلان ذیبول کے بانی وائس چانسلر جسٹس ریٹائرڈ قاضی خالد علی نے ذیبول افسران کے ماہانہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ماہانہ رپورٹ رجسٹرار سید شرف علی شاہ نے پیش کی۔ دفاع پاکستان سیمینار سے بحریہ فاونڈیشن کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر کموڈور اکبر نقی، وائس ایڈمرل ریٹائرڈ آئی، ایف قادر اور جسٹس ریٹائرڈ قاضی خالد علی خطاب کریں گے۔جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ذیبول کے نئے تعلیمی سیشن کا آغاز 10 ستمبر سے ہوگا اور نئی کلاسز نئے زیر تعمیر بلاک میں منعقد کی جائیں گی۔
پراجیکٹ ڈائریکٹرحسن عسکری نے اجلاس کو بتایا کہ نیا بلاک آٹھ ستمبر تک تیار کرکے یونیورسٹی انتظامیہ کے سپرد کردیا جائے گا۔ صدر اجلاس قاضی خالد نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق بیرون ملک سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو پاکستا ن میں انرول کرنے سے پہلے دستور پاکستان، ضابطہ فوجداری، ضابطہ دیوانی، قانون شہادت اورا سپیسیفک ریلیف ایکٹ پڑھائے جائیں گے۔
اس لیے ذیبول نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے ان طلبا کو جو اشتراک عمل کے معاہدے کے تحت برطانیہ میں ایک سال کی تعلیم حاصل کرکے وہاں کی ڈگری حاصل کرنا چاہیں یہ مضامین ایک ہی سال میں پڑھا دیئے جائیں گے۔ قاضی خالد سات تا بارہ ستمبر برطانیہ کا دورہ کریں گے جس دوران اعلی تعلیم میں اشتراک عمل کے معاملے کو آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ13ستمبر کو نارتھمپٹن یونیورسٹی میں ذیبول کے ساتھ ہونے والے اشتراک عمل کے معاہدے کی انسٹی چیوشنل اپرول کے حوالے سے ایک اجلاس ہورہا ہے۔ شرکااجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلی سندھ نے ناظم آباد کالج کی زمین اور عمارت ذیبول کے حوالے کرنے اور ملیر میں ذیبول کو 250ایکڑ زمیں الاٹ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔