کراچی: سرکاری تعلیمی بورڈزکے تحت سندھ بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات 19 مارچ اورانٹرکے سالانہ امتحانات24اپریل 2019سے منعقد ہوں گے۔
یہ امتحانات گزشتہ سال کے مقابلے میں کئی روز قبل لیے جارہے ہیں۔ اس کا بات کا فیصلہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سندھ بھر کے تعلیمی بورڈ کے ناظمین امتحانات کے منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات کے طے کیے گئے شیڈول کی حتمی منظوری محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے آئندہ چند روز میں ہونے والے اجلاس میں دی جائیگی جس کی صدارت صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس کراچی سمیت سندھ بھرمیں میٹرک کے امتحانات 27مارچ سے جبکہ انٹر کے امتحانات ایک ماہ بعد28اپریل سے شروع کیے گئے تھے۔ رواں سیشن میں امتحانات کئی روز قبل لینے کا فیصلہ رمضان المبارک کی آمدکے تناظر میں کیاگیا تاکہ میٹرک کے بعد انٹر کے امتحانات بھی رمضان المبارک سے قبل ختم ہوجائیں۔ ثانوی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات خالد احسان کے مطابق میٹرک بورڈ کے تحت پریکٹیکل امتحانات سالانہ امتحانات سے ایک ماہ قبل فروری کے وسط میں لیے جائیں گے۔