ھفتہ, 23 نومبر 2024


تعلیمی بورڈزمیں مستقل ناظم امتحانات اورسیکرٹریزبورڈکی تقرری کےمعاملےمیں اہم پیش رفت

صوبائی حکومت نے بالآخر چار سال بعد سندھ کے7 تعلیمی بورڈز میں مستقل ناظم امتحانات اور سیکرٹریز بورڈ کی تقرری کا فیصلہ کرلیا ہے اور سندھ کی تاریخ میں پہلی بار تعلیمی بورڈز کے ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کی تقرری تحریری ٹیسٹ کی بنیاد پر کی جائے گی، تحریری ٹیسٹ 28 جولائی کو آئی بی اے مین کیپس (کراچی یونیورسٹی) میں11بجے ہوگا۔

یہ ٹیسٹ تلاش کمیٹی کے تحت آئی بی اے لے گا جس کا دورانیہ 90 منٹس پر محیط ہوگا اور ٹیسٹ کے سوالات ایم سی کیوز ہوں گے۔ محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سے امیدواروں کو ٹیسٹ کے حوالے سے خطوط ارسال کردیئے گئے ہیں۔

ٹیسٹ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو انٹرویو کے مرحلے سے گزرنا پڑے گا جو تلاش کمیٹی لے گی، ناظم امتحانات اور سیکرٹریز بورڈ کے عہدوں کے لئے ساڑھے چار سو سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ناظم امتحانات اور سیکرٹریز بورڈ کی بھرتیاں موجودہ صوبائی سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین کر پائیں گے یا نیا سیکرٹری کرے گا کیونکہ چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین ان کی تبدیلی کا فیصلہ کرچکے ہیں جبکہ چیف سیکرٹری سندھ کو بھی محکمہ کے حوالے سے شکایات موصول ہوچکی ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment