کراچی: محکمہ تعلیم کالج ایجوکیشن نے سندھ حکومت کے تحت چلنے والے سرکاری اور نجی کالجز میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔
محکمہ تعلیم کالج ایجوکیشن سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ حکومت کے تحت چلنے والے سرکاری اور نجی کالجز میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی،کالجز کی حدود میں ہرقسم کے پلاسکٹ بیگز لانا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
کالج کیفے ٹیریا، کینٹین، ٹک شاپس کے علاوہ کالج کے عملے،طلبا و طالبات یا تعلیمی ادارے میں آنے والے کسی بھی شخص کو اپنے ہمراہ پولیتھین بیگ لانے کی اجازت نہیں ہوگی اس سلسلے میں ڈی جی کالجز، ریجنل ڈائریکٹر کالجز، ڈائریکٹوریٹ برائے رجسٹریشن نجی کالجز، ڈائریکٹر مانٹرنگ اینڈ ایوولوشن، پرنسپل اور کالج کی انتظامیہ پر ذمے داری عائد کی گئی ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے پر عمل درآمد کرائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کی رپورٹ کریں۔
نوٹیفکیشن میں تمام کالجز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ طلبہ کی آگاہی کیلیے ’’پلاسٹک بیگز کے نقصانات ، پولیتھین بیگز قدرتی ماحول کیلیے دشمن ہیں‘‘ پر سیمینار اور کانفرنسز کا انعقاد کریں۔