جمعہ, 22 نومبر 2024


میڈیکل جامعات کےاساتذہ کےلیےتجربےاوردیگرشرائط ختم

کراچی : پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) نے میڈیکل جامعات اور کالج کے اساتذہ کی آسانی کے لئے تجربہ کے سرٹیفکیٹ کی شرط ختم کردی ہے اور کہا ہے کہ اب تجربہ کا سرٹیفکیٹ پی ایم سی جاری نہیں کرے گا بلکہ اسے جاری کرنے کا اختیار متعلقہ یونیورسٹی یاکالج کو ہوگا۔
 
پی ایم سی نے کہا ہے کہ ماضی میں جن اساتذہ نے تجربہ کے سرٹیفکیٹ کے لئے فیس جمع کرا رکھی تھی وہ اپنی فیس واپس کروالیں۔ اس طرح پی ایم سی نے میڈیکل کالجز اور جامعات میں بیسک سائنس پڑھانے کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس لازمی ہونے کی شرط بھی ختم کردی ہے اور کہا ہے کہ دنیا بھر میں جاری پریکٹس ہے کہ بنیادی سائنس کے مضامین صرف بی ڈی ایس اور ایم بی بی ایس کرنے والے ہی نہیں پڑھاتے ہیں بلکہ بنیادی سائنس کے ماہرین بھی پڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی ڈی ایس اور ایم بی بی ایس کی شرط سے کالجوں کو محدود پیمانے پر بنیادی سائنس کے ٹیچرز دستیاب ہوتے تھے اور انہیں اساتذہ کی کمی کا سامنا ہوتا تھا۔
 
واضح رہے کہ ختم کی گئی پی ایم ڈی سی نے فیکلٹی رجسٹریشن لازمی قرار دے رکھی تھی اور اس رجسٹریشن کی وجہ سے میڈیکل کالجز اور جامعات کے اساتذہ کو بہت مشکلات کا سامنا تھا اور کئی کئی ماہ کی تاخیر الگ ہوتی تھی۔ اس طرح میڈیکل جامعات اور کالج میں بنیادی سائنسز کے مضامین جس میں حیاتیاتی کیمیا، خرد حیاتیات، فعلیات اور دیگر شامل تھے۔
 
ایم ایس سی کرنے والے اساتذہ کو پڑھانے کی اجازت نہیں تھی صرف بی ڈی ایس اور ایم بی بی ایس والے ہی یہ مضامین پڑھا سکتے تھے تاہم اب یہ شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment