کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلرکے تقررکیلیے اسکروٹنی کے بعد سات شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کے انٹرویو 28 جنوری بروز منگل کولئےجائیں گے۔
اس اجلاس میں تلاش کمیٹی کے کوآپٹیڈممبر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضاصدیقی نے شرکت نہیں کی۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹرپیرزادہ قاسم کے بھتیجے پیرزادہ جمال چونکہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلرکے امیدواروں کی فہرست میں شامل تھے، اس لیے انھوں نے اس اجلاس میں تحریری طورپرشرکت سے معذرت کرلی تھی۔ ذرائع کے مطابق پیرزادہ جمال کا نام شارٹ لسٹ کیے گئے7 افرادمیں شامل نہیں ہے۔
جن7 امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں اس میں جامعہ کراچی کے موجودہ قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرخالد عراقی، سندھ یونیورسٹی جامشوروکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرفتح محمدبرفت ،جامعہ کراچی شعبہ جغرافیہ کے پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی، شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسرڈاکٹر عابد حسنین، پروفیسر ڈاکٹراحمد قادری، شہید ذوالفقار علی بھٹویونیورسٹی آف لا کے ڈین ڈاکٹر رخسار احمداورزرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے ڈین خلیل احمد ابوپوٹو شامل ہیں۔
درخواست دینے والے امیدواروں کی تعداد 23 تھی جن میں سے 7 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیاگیا ہے ان امیدواروں کے انٹرویوزکے بعد تین نام منتخب کرکے کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ سندھ کوبھجوائے جائیں گے اوروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ان میں سے کسی ایک نام کی بطوروائس چانسلرجامعہ کراچی منظوری دیں گے۔