کراچی: ای این ٹی کی سالانہ انٹرنیشنل کانفرنس 'تیسری رائنوکون 2020' اس سال کراچی میں منعقد ہو گی۔کانفرنس رائنولوجی سوسائٹی کے زیر اہتمام موون پک ہوٹل میں 20 تا 24 فروری ہو گی۔
وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور کانفرنس کے چیف آرگنائزر پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس چار روزہ کانفرنس میں ملک اور بیرون ملک سے ای این ٹی کے ذیلی موضوعات کے معروف ا سپیشلسٹ شرکت کر رہے ہیں جو لیکچرز کے علاوہ ورکشاپس میں جدید سرجری کے عملی مظاہرے بھی کریں گے۔
پروفیسر طارق رفیع نے بتایا کہ کانفرنس میں جدید اینڈوسکوپک سرجری کے عملی مظاہرے بھی شامل ہوں گے جس کی تربیت بیرون ملک ہزاروں ڈالرز میں حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اینڈوسکوپک سرجری کے نتیجے میں چہرے پر کوئی نشان نہیں پڑتا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے 300 مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔