کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیر خان نے ملاقات کی
پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر نے کہا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی اردوکی واحدجامعہ ہے جس کے چانسلر صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ہیں۔جامعہ اردو ملک کی ایک بڑی سرکاری یونیورسٹی ہے جس کے دو کیمپسز کراچی اور ایک اسلام آباد میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق کے اس ادارے کی ترقی کے لئے سب مل کر کام کریں گے اور یہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے گا۔ یہ بہت امید افزا ء بات ہے کہ یہاں تمام تر دفتری خط وکتابت اردو زبان میں کی جاتی ہے۔ہماری کوشش ہے کہ اردو زبان کی ترویج اور ترقی کیلئے اس جامعہ کو مزید بہتر بنائیں جس کیلئے ہم جلد ہی جامعہ میں کانووکیشن کا انعقاد کررہے ہیں جس میں طلبہ کوگولڈ میڈلز اور ڈگریاں تفویض کی جائیں گی۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیر خان نے کہا کہ جیسے ہی ایم این اے فنڈزجاری ہوں گے جامعہ اردو کے جو بھی ترقیاتی مسائل ہیں انہیں ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جن میں فوری طور پر جامعہ سے متصل گراؤنڈ کو پلے گراؤنڈ اور جامعہ کی اندرونی راستے کو از سر نو تعمیر کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے گزارش کرینگے کہ وہ جامعہ اردو کے کانووکیشن میں بطور چانسلر شرکت کریں۔رجسٹرارڈاکٹر ساجد جہانگیر نے کہا کہ دنیا بھر میں وہی اقوام ترقی کرتی ہیں جو اپنی قومی زبان میں تعلیم حاصل کرتی ہیں۔اردو لشکری زبان ہے جس میں دیگر زبانوں کے الفاظ شامل کرنے کی بہت گنجائش ہوتی ہے اس لئے اسے رائج کرنا زیادہ مشکل امر نہیں ہے۔ ہم طلبہ کو بہتر تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ یہ ملک کی واحد جامعہ ہے جہاں ملک بھر کے طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیر،سعد اللہ اور شاہ زیب بھی موجود تھے۔