سندھ گورنمنٹ کی جانب سے اسکول بند رکھنے کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے نجی اسکولز کیخلاف ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے کارروائی کرتے ہوئے ان کی رجسٹریشن معطل کردی ہے۔ ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزکی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رجسٹرار پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز رفیعہ جاوید نے انسپکشن ٹیم کے ہمراہ لیاری، کورنگی، گلشن حدید، لانڈھی، جیکب لائن سمیت مختلف علاقوں کے اسکولوں کا دورہ کیا اور کھولے جانے والے تمام اسکولوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی رجسٹریشن معطل کردی ہے۔ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے ان تمام اسکولوں کے خلاف کارروائی کے لیے چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کو بھی سفارش کی ہے۔ ان تمام اسکولوں کے سربراہاں کو آج ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے اور اسکولوں کی رجسٹریشن کی منسوخ اور سیل کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔