جمعرات, 25 اپریل 2024


حکومت کا نجی تعلیمی اداروں کےساتھ امتیازی سلوک افسوسناک ہے

کراچی : آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن سندھ ، امتحان میں فیل طلبا کو پاسنگ مارکس دے کر پاس کرنےکےاعلان کومستردکردیا۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن سندھ کےصوبائی صدر محمد اختر آرائیں نے کہا ہے کہ سندھ کے طلبا کے ساتھ امتیازی سلوک اورتعلیم سے کھلواڑ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

میٹرک اور انٹر کے فیل طلبا کو پاسنگ مارکس دے کر پاس کرنے کا اعلان تعلیم سے سنگین مذاق، طلبا کی حق تلفی اورخانہ پری کے ذریعے امتحانی عمل سے جان چھڑانے کے مترادف ہے جسے سختی سے مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں کی مسلسل بندش اور تعلیمی تعطل کے باعث بچوں کی امتحانی تیاری نامکمل ہے جس کے باعث ان کے فیل ہونے کے امکانات کافی زیادہ ہیں، اگر مناسب تیاری کا وقت دیا جائے تو طلبا اچھے نمبر حاصل کرسکتے ہیں ،لیکن پاسنگ مارکس کے ذریعے بچوں کے مستقبل پر فل اسٹاپ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے جسے کسی طور منظور نہیں کیا جاسکتا۔

علاوہ ازیں الائنس آف پرائیویٹ اسکولز سندھ کے مرکزی جنرل سیکریٹری محمد حنیف جدون نے کہا ہے کہ حکومت کا نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ امتیازی سلوک افسوسناک ہے ، ڈیڑھ سال سے تعطل کے شکار نجی اسکولوں کو بجٹ میں نظرانداز کرنا تعلیم دشمن اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل دوسرے سال بھی جاری تعلیمی بحران نے نجی شعبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے،لیکن اس کے باوجودحکومت کی جانب سے نجی تعلیمی سیکٹر کو نظرانداز کرکے گورنمنٹ سیکٹر کے لئے تعلیمی بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 14.2 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment