گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مدرسے جدید طرز تعلیم سے آراستہ ہیں، جامعہ بنوریہ عالمیہ دینی اور عصری علوم کا حسین امتزاج ہے ۔مدارس کے طلباء کو دینی علوم کے ساتھ عصری علوم بھی حاصل کرنی چاہیں، دینی تعلیم کے فروغ میں پاکستانی مدارس اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہمارے نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ان کی صلاحیتوں کو استعمال کرنا انتہائی ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ٹاؤن میں تقریب ختم بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں ملکی اور غیرملکی 228 حفاظ اور مختلف شعبہ جات سے سند حاصل کرنے والے 355 طلبہ کو دستار فضیلت سے نوازا گیا۔ آخری حدیث کا درس ناظم تعلیم شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید خان غوری نے دیا ۔حفاظ کو قاری عبدالناصر نے ختم پڑھایا، جبکہ شیخ الحدیث مولانا عزیزالرحمن نے اجتماعی نکاح پڑھائے۔
اس موقع پر خطاب میں رئیس شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے گورنر سندھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینی تعلیم کو عام کر رہے ہیں، پاکستان کے دینی مدارس دنیا بھر میں دینی ترویج و اشاعت کا سبب بن رہے ہیں یہاں سے طلبہ فارغ ہوکر پاکستان کے سفیر بن کر نکلتے ہیں۔