سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں عدالتی فیصلے کے برخلاف سکریٹری میجر (ر) ذوالفقار علی کے کام کرنے کا انکشاف ہوا ہے،دوسری جانب سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل کے چیئرمین ڈاکٹر مسرور شیخ کا کہنا تھا کہ سکریٹری میجر (ر) ذوالفقار علی کی تقرری محکمہ بورڈز و جامعات نے کی تھی، اب سبکدوشی کا خط بھی محکمہ بورڈز و جامعات جاری کرے گی۔
سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے ملازمین کے مطابق سکریٹری نہ صرف بورڈ آ رہے ہیں بلکہ دستخط کرکے احکامات بھی جاری کر رہے ہیں سندھ کے تعلیمی بورڈز کے ملازمین نے محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سے تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات اور سکریٹریز کے عہدوں کے لیے آئی بی اے کراچی کے تحت ہونے والے ٹیسٹ کے ذریعے بھرتی ہونے والے امیدواروں کے تقرر کو عدالت میں چیلنج کر رکھا تھا اور اسٹے بھی حاصل کرلیا تھا۔
اس کے باوجود محکمہ بورڈز و جامعات کے سکریٹری نے کچھ بورڈز میں تقرر نامے بھی جاری کردیئے تھے جس کے بعد سندھ بورڈ آف ٹیکنکل میں بطور سیکریٹری میجر (ر) ذوالفقار علی نے جوائننگ دی تھی بورڈ کے چیئرمین نے انہیں جوائننگ کی اجازت دے دی تھی اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی تھی مگر میٹرک بورڈ کراچی نے سکریٹری کے تقرر کا خط لے کر آنے والے سکریٹری پروفیسر قاضی ارشد کو جوائننگ دینے سے معذوری ظاہر کی تھی۔
6 اپریل کو سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود سیکرٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹیز نے غیر قانونی تعینات میجر رذوالفقار علی کو سبکدوش نہیں کیا گیا۔
اس دوران سندھ ہائی کورٹ میں سماعت جاری رہی اور گزشتہ ہفتے عدالت نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا تھا جس کے تحت سندھ کے تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات اور سکریٹریز کی تقرری کالعدم قرار دے دی گئی لیکن اس کے باوجود سندھ ٹیکنیکل بورڈ میں سکریٹری میجر (ر) ذوالفقار علی نے کام جاری رکھا ۔ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل کے چیئرمین ڈاکٹر مسرور شیخ کا کہنا تھا کہ سکریٹری میجر (ر) ذوالفقار علی کی تقرری محکمہ بورڈز و جامعات نے کی تھی، اب سبکدوشی کا خط بھی محکمہ بورڈز و جامعات جاری کرے ،انہوں نے کہا کہ ابھی لاک ڈائون جاری ہے جس کی وجہ سے محکمہ بورڈز و جامعات بند ہے ۔