گورنمنٹ خورشید گرلز کالج کو قرنطینہ سینٹر بنادیا گیا۔ حکومت سندھ کے نمائندہ افسروں نے شاہ فیصل کالونی کی 8 لاکھ کے قریب آبادی کو خطرے میں ڈالتے ہوئے بلاک نمبر 2 میں واقع گورنمنٹ خورشید گرلز کالج کو قرنطینہ سینٹر بنادیا ہے۔
ضلع کورنگی کے ضلعی ہیلتھ افسر کے دفتر کے ذرائع کے مطابق خورشید کالج قرنطینہ سینٹر میں 3 بسوں میں درجنوں مشتبہ مریضوں کو لایا گیا ہے جن کی تعداد 250 سے زیادہ بتائی جارہی ہے۔
وزارت صحت کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ سب کچھ ضلعی انتظامیہ کا ایک افسر جو کہ ایم بی بی ایس ڈاکٹر نہیں ہے خود اپنے طور پر لاکھوں زندگیوں کو داؤ پر لگا کر اپنے تئیں کررہا ہے.
دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ آبادی کے بیچ و بیچ کرونا وائرس کے مریضوں کے لئے قرنطینہ سینٹر بنانا "ڈبلیو ایچ او" کی ایس او پی کی دھجیاں اُڑانے کے مترادف ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے شاہ فیصل کالونی کی آبادی والے علاقے میں قرنطینہ سینٹر قائم کئے جانے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ اور وزیر صحت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ خورشید گرلز کالج سے قرنطینہ سینٹر مضافات میں منتقل کیا جائے۔