جمعہ, 22 نومبر 2024


ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے امتحانات کےحوالےسےپی ایم ڈٰی سی کابڑافیصلہ

کراچی: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کو نسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے میڈیکل کالجوں اور جامعات میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے امتحانات آن لائن یا معمول کے مطابق لینے کا اختیار متعلقہ کالجوں اور جامعات پر چھوڑ دیا ہے جس کے تحت وہ اپنی سہولت کے مطابق امتحان کراسکتے ہیں جبکہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے سال اوّل کے داخلہ ٹیسٹ زیادہ امیدواروں کی تعداد کے باعث مرحلہ وار تین شفٹوں میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 
اس بات کی منظوری گزشتہ روز پی ایم ڈی سی کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت کونسل کے صدر جسٹس (ر) اعجاز افضل نے کی۔ اجلاس میں سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل خاور، لیفٹیننٹ جنرل عمران مجید، پروفیسر جاوید اختر، ڈاکٹر طارق رفیع، پروفیسر ارش جاوید، پروفیسر نقیب اللہ اور پروفیسر وحید اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پہلی مرتبہ رجسٹرار بریگیڈیئر (ر) حفیظ صدیقی اپنی ملازمت کی بحالی کے بعد شریک ہوئے۔
 
اجلاس میں دو ارکان نے بتایا کہ انہوں نے معمول کے مطابق اپنی جامعات میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے امتحانات کرائے۔ ایک رکن نے کہا کہ ایم بی بی ایس کے سال اوّل کے داخلہ ٹیسٹ اکتوبر میں ہوتے ہیں جبکہ انٹر کے نتائج کا اعلان اگست میں ہوتا ہے۔
ان کا وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے رابطہ ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ مستقبل کے ڈاکٹر کا معاملہ ہے چنانچہ وہ انٹر میڈیکل کے طلبہ کو 3؍ فیصد اضافی نمبر نہ دیں جس پر انہوں نے کہا یہ معاملہ صوبوں کے ساتھ مل کر طے کیا گیا تھا تاہم ابھی وقت باقی ہے کورونا کی صورتحال دیکھ کر اس معاملے پر غور کیا جاسکتا ہے۔
 
اجلاس میں چین اور دیگر ممالک سے ایم بی بی ایس کرنے والے طلبہ سے امتحان لینے کی بھی منظوری دی گئی یہ امتحان گزشتہ سوا سال سے نہیں ہو پایا تھا جس کی وجہ سے بیرون ملک سے ایم بی بی ایس کرنے والے سیکڑوں طلبہ ہاؤس جاب نہیں کر پائے اور بیکار بیٹھے تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment