کراچی: وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹرعطا الرحمن27 جون کو سری لنکا کی آرگنائزیشن آف پروفیشنل ایسو سی ایشن آف سری لنکا (او پی اے) کی33ویں سالانہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے آن لائن خطاب کریں گے، اس تقریب میں سری لنکا کے وزیرِ اعظم بھی خطاب کریں گے۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق اس آن لائن کانفرنس میں پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان صاحب کی شرکت بھی مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے متوقع ہے۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان نے کہا ہے اس سال کانفرنس کی تھیم ”دوبارہ اُبھرنے کے لیے آفات مواقع ہیں“
ہے جو ان ممالک کے لیے بہت اہم ہے جو کویڈ19 سے متاثرہ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے معروف سائنسدان اور تعلیم دان پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن کو اُن کے علمِ کیمیاء کے شعبے میں گراں قدر قومی خدمات کے اعتراف میں چینی صدر ژی جنپنگ نے حال ہی میں چین کا سب سے ’اعلیٰ سائنٹیفک ایوارڈ‘ عطا کیا ہے۔ چین اور ملائیشیاء میں پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن کے نام سے متعدد تحقیقی ادارے قائم کیے جاچکے ہیں۔پروفیسر عطا الرحمن کو نہ صرف بین الاقوامی ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں بلکہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے انھیں تمغہء امتیاز، ستارہ امتیاز، ہلالِ امتیاز اور نشانِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔
یاد رہےاو پی اے دراصل سری لنکا کے پروفینشلز کی انتہائی با اثر تنظیم ہے۔