کراچی : جامعہ کراچی میں چینی زبان و ثقافت پر مبنی چار سالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے جامعہ کراچی اور چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی کے اشتراک اور سینٹر آف لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن (چین) کے تعاون سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔
جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جبکہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے چینی ڈائریکٹر شاؤپنگ نے سچوان نارمل یونیورسٹی کے صدر پروفیسرڈاکٹر وانگ مینگی اور سینٹر آف لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن (چین) کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ماجیا نفی کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کئے۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق جامعہ کراچی کے طلبہ پہلے دو سال کی کلاسز جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جبکہ آخری دوسال کا تدریسی عمل سچوان نارمل یونیورسٹی چین میں مکمل کریں گے۔
اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کا بنیادی مقصد پاکستانی طلبہ کو چینی زبان و ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔